ٹرانسپورٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے:ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی زیر صدارت گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کا اجلاس، اجلاس میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے محمد محسن، چیف ٹریفک آفیسر اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مختلف مسائل اور ان کے حل بارے جائزہ لیا گیا۔ گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے اپنے درپیش مسائل ڈپٹی کمشنر کے سامنے رکھے۔ انہوں نے بالخصوص پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ کے رد و بدل، مختلف شاہراہوں پر چالان و جرمانوں کے مسائل، ایکسل لوڈ مینجمنٹ اور گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفیکیٹس کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل سنیں اور ان کی تمام جائز گزارشات پر فوری عمل درامد کے احکامات کی جاری کیے۔ محمد اکرام ملک نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز ملکی ترسیلات اور معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کے جائز مسائل، چاہے وہ چالان سے متعلق ہوں یا فٹنس سرٹیفیکیٹس کے حصول کے، ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز ہڑتال کے ذریعے عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں، ضلعی انتظامیہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ٹرانسپورٹرز کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی۔ اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔



