سندھ میں موسلا دھار بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کے خدشے کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

تھرپارکر/کراچی (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے صوبے کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بحیرہ عرب سے آنے والی مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بیشتر علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں، جس کے باعث سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر شدید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، خیرپور، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، حیدرآباد، مٹیاری اور شہید بینظیرآباد اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
جبکہ گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، نوشہروفیروز، ٹھٹھہ اور جامشورو اضلاع میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جن میں سکھر، شہید بینظیرآباد، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی، میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو اللہ یار شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، شدید بارش اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور دیگر تنصیبات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گھروں میں رہیں، دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں، تیز ہواؤں کے دوران دریاؤں اور پانی کے گزرگاہوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں، جبکہ بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی علاقے میں بجلی کی ٹوٹی ہوئی یا لٹکتی ہوئی تاریں نظر آئیں تو فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔ بارش کے دوران بجلی کے سوئچ، ساکٹ اور بیرونی برقی آلات استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔
موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام ڈپٹی کمشنرز، ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کے چیئرمینز اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ بارشوں سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات، حفاظتی اقدامات اور پیشگی تیاریوں کو یقینی بنائیں۔



