تھرپارکر:گاؤں لالو وہندانی کے قریب جنگل میں خوفناک آگ، فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی نے گھروں کو جلنے سے بچا لیا

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی) ضلع تھرپارکر کی تحصیل کلوئی کے قریب گاؤں لالو وہندانی کے پاس جنگل میں خطرناک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں آس پاس کے گاؤں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئے۔ آگ کے شعلے دیکھ کر سینکڑوں لوگ موقع پر پہنچ گئے، مگر بے بسی سے آگ کو دیکھتے رہے۔ جنگل میں لگی آگ نے آخرکار گاؤں لالو وہندانی کے میگھواڑ محلے کو گھیرے میں لے لیا۔ اس دوران سینکڑوں دیہاتیوں اور ڈیپلو سے آنے والی فائر بریگیڈ نے گھروں کو جلنے سے بچا لیا، تاہم باڑیں جل گئیں۔ آگ بجھانے کے لیے مٹھی فائر بریگیڈ سے رابطہ کیا گیا، مگر اس نے آنے سے انکار کر دیا۔ ڈیپلو سے آنے والی فائر بریگیڈ صرف ایک چکر پانی فراہم کرنے میں کامیاب ہوئی، جبکہ دوسرا چکر لگانے کے لیے گاڑی کا موٹر خراب ہونے کا بہانہ بنا کر کھڑی کر دی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق خطرناک آگ نے گاؤں لالو وہندانی میں میگھواڑ کے نچلے محلے کو تین اطراف سے گھیر لیا ہے، جو آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہی ہے اور اس پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ جہاں جنگل گھنا ہے اور جھاڑیاں و گھاس موجود ہے، وہاں آگ اب بھی شدت سے پھیل رہی ہے۔ جنگل کے اطراف آباد گاؤں کے رہائشی شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ جب گھروں کی باڑوں کو آگ لگی تو کہرام مچ گیا، خواتین اور بچوں نے گاؤں خالی کرنا شروع کر دیا، تاہم اسی دوران آگ کی شدت پر کسی حد تک قابو پا لیا گیا۔ دیہاتیوں کے مطابق آگ کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے، اگر ہوا چل پڑی تو پورا گاؤں جل سکتا ہے۔ اس لیے مزید فائر بریگیڈ طلب کر کے آگ کو مکمل طور پر بجھایا جائے۔ دوسری جانب ایس ایچ او کلوئی، مختیارکار کلوئی، تپیدار اور دیگر عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا، مگر وہ بھی خطرناک آگ کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔

مزید خبریں

Back to top button