وفاقی حکومت کا کفایت شعاری مہم جاری رکھنے کا فیصلہ، نئے مالی سال کے لیے سخت ہدایات جاری


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران بھی کفایت شعاری مہم جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اخراجات پر قابو پانے کے لیے نئے اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکاری اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے کفایت شعاری اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدامات وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، خودمختار اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز، سرکاری ملکیتی اداروں (SOEs) اور اسٹیچوٹری باڈیز پر یکساں طور پر لاگو ہوں گے۔
وزارتِ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ یہ ہدایات وفاقی حکومت کی لازمی پالیسی تصور ہوں گی، جبکہ کفایت شعاری کمیٹی کو صرف ٹھوس وجوہات کی بنیاد پر ہر کیس کا الگ سے جائزہ لے کر محدود رعایت دینے کا اختیار حاصل ہوگا۔
وزارتِ خزانہ نے تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی ہے کہ کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری اخراجات میں کمی اور مالی وسائل کے مؤثر استعمال کو ممکن بنایا جا سکے۔