کراچی میں 2 دکانداروں کو 25 لاکھ روپے بھتے کی پرچیاں موصول

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)شہر قائد کے علاقے نیو کراچی صنعتی ایریا میں بھتہ خوری کے واقعات میں اضافہ ہوگیا، تازہ واقعات میں مٹھائی اور سگریٹ کی دکانوں کے مالکان کو 25 لاکھ کی پرچیاں اور بھتہ ادا نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھتہ خوروں کی جانب سے مٹھائی اور سگریٹ کی دکانوں کے مالکان کو 25 لاکھ روپے بھتے کی پرچیاں دی گئی جس میں نہ صرف انھیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں بلکہ ایک دکاندار کو بھتہ نہ دینے پر گولی نہیں پیٹرول بم مارنے کی بھی دھمکی دی ہے۔

حالیہ واقعات سامنے آنے کے بعد دکان داروں سمیت دیگر کاروباری افراد میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے مٹھائی کی دکان ک مالک محمد بلال کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 305 اور سگریٹ کی دکان کے مالک محمد صادق کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 306 سال 2026 بجرم دفعات 384 اور 385 چونتیس ککے تحت درج کر کے مزید تفتیش کے لیے اسپشیل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس کے حوالے کر دیئے۔

بھتے کی پرچی دے کر بھتہ طلب کرنے کے واقعات نیو کراچی سیکٹر فائیو ایف اور سیکٹر فائیو جی میں دکانداروں کو دی گئی ہیں۔

 سگریٹ کی دکان کے مالک صادق نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ بھتہ خوروں نے15 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا ہے اور دھمکی دی ہے کہ ہم نے تم پر نظر رکھی ہوئی ہے زیادہ ہوشیاری مت کرنا اور بھتہ نہ دیا تو گولی نہیں پیٹرول بم مار کر جائینگے جبکہ مٹھائی کی دکان کے مالک بلال نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ بھتہ خوروں نے 10 لاکھ روپے طلب کیے ہیں۔

بھتہ خوروں نے دھمکی دی ہے کہ اگر بھائیوں کی زندگی چاہتا ہے تو منگل کی شام 4 بجے فور کے چورنگی سے آگے تھانے والے روڈ پر پیسے لیکر کھڑے ہوجانا اگر پولیس یا رینجرز کو بتایا تو اچھا نہیں ہوگا، دکان سے نکلے گا تو ہمارا آدمی تیرے پیچھے ہوگا اور اگر تو پیسے لیکر نہیں آیا تو تمھارا بھائی ہمارے نشانہ پر ہوگا۔

 مٹھائی کی دکان کے مالک کو بھتہ خوروں کی جانب سے پرچی رواں ماہ 17 مئی جو جبکہ سگریٹ کی دکان کے مالک سے 5 مئی کو بھتہ طلب کیا گیا تھا تاہم دونوں دکانداروں کی جانب سے پولیس کو 20 مئی کو بھتے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے دونوں دکانداروں کی مدعیت میں بھتہ خوروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

مزید خبریں

Back to top button