سابق فوجیوں کا کردار قابلِ تحسین، ان کا تجربہ اور رہنمائی پاک فوج کا قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) یومِ آزادی کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جس میں پاک فوج کے بڑی تعداد میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے لیے سابق فوجیوں کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ قومی استقامت مضبوط بنانے میں سابق فوجیوں کا کردار قابلِ تحسین ہے، ان کا تجربہ اور رہنمائی پاک فوج کا قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے، جبکہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول سے نمٹنے کے لیے ان کی رہنمائی انتہائی اہم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مسلح افواج کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سابق فوجیوں نے قومی اتحاد، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
استقبالیے کے دوران سابق فوجیوں کی قربانیوں، تجربے اور ملکی دفاع میں ان کے دیرینہ کردار کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔