وزیراعظم کی سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں ملک کی موسمیاتی صورتحال اور مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو متعلقہ صوبائی اداروں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت کو بھی سراہا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ملک کی مجموعی موسمیاتی صورتحال، بالخصوص مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق وفاقی حکومت کے تعاون سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button