پاکستان عالمی سیاست میں ابھرتی ہوئی ’ہِنج پاور‘ بن رہا ہے، فنانشل ٹائمز

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کے مطابق پاکستان عالمی سیاست میں ایک ابھرتی ہوئی ’ہِنج پاور‘ کے طور پر سامنے آ رہا ہے، جو امریکا، چین، خلیجی ریاستوں اور ایران کے ساتھ بیک وقت روابط کو اپنی تزویراتی قوت میں تبدیل کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی جانب سے واشنگٹن اور تہران کے براہِ راست مذاکرات کی میزبانی اس کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کا واضح اشارہ ہے۔ پاکستان بدلتے عالمی نظام میں زیادہ فعال اور مؤثر کردار ادا کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی علاقائی سلامتی کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ اسلام آباد کی بڑی تزویراتی طاقت یہ ہے کہ وہ واشنگٹن اور بیجنگ دونوں کے ساتھ مفادات پر مبنی شراکت داری برقرار رکھ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خلیجی ریاستوں اور ایران دونوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے کی منفرد صلاحیت رکھتا ہے اور کسی ایک عالمی کیمپ تک محدود ہوئے بغیر مختلف طاقت کے مراکز کے ساتھ کام کرنے والی اہم درمیانی طاقت بن رہا ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق امریکا کے ساتھ کرپٹو اور اہم معدنیات کے شعبوں میں تجارتی امکانات پاکستان کی نئی معاشی سفارت کاری کا حصہ ہیں، جبکہ وسط ایشیا کو پاکستانی بندرگاہوں سے ملانے کا منصوبہ نئی منڈیوں اور علاقائی تجارت کے دروازے کھول سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی پشت پناہی پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے اعتماد کا اہم سہارا بن سکتی ہے، جبکہ پاکستان اپنے جغرافیائی گردونواح سے آگے بڑھ کر وسیع تر عالمی کردار حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خارجہ حکمت عملی اسے بیک وقت امریکا، چین، مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیا میں تزویراتی گنجائش فراہم کر رہی ہے اور اسلام آباد کی بڑھتی سفارتی سرگرمیاں اسے عالمی طاقتوں کے درمیان ایک اہم رابطہ کار ریاست بنا رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نئی عالمی بساط میں پاکستان کی تزویراتی اہمیت بڑھ رہی ہے اور اسے عالمی ’رسک بورڈ‘ پر ایک الگ مقام ملنا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button