میر واعظ عمر فاروق ایک بار پھر گھر میں نظر بند، جامع مسجد جانے پر پابندی

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈسک) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو ایک بار پھر گھر میں نظر بند کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی آمد پر انہیں دوبارہ گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے۔

میر واعظ نے ہر جمعہ کو عائد کی جانے والی پابندیوں کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے بھارتی حکام کے مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہونے کے دعوے پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی حالات معمول کے مطابق ہیں تو انہیں بار بار جامع مسجد جانے سے روکنے کی ضرورت کیوں پیش آتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ جب حکام اپنے ہی بیان کردہ معمول کے حالات پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دیتے تو پھر معمول کے حالات کے دعوے کی حیثیت اور اعتبار باقی نہیں رہتا۔

دوسری جانب میر واعظ عمر فاروق نے مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو ربیع الاول کی آمد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بابرکت مہینہ مسلمانوں کے لیے نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی سیرت، سنت اور پیغامِ ایمان، رحمت، عدل، حسنِ اخلاق اور انسانیت کی خدمت سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کا اہم موقع ہے۔

دریں اثنا جامع مسجد کی انتظامی تنظیم انجمن اوقاف نے اعلان کیا ہے کہ صدیوں پرانی روایت کے مطابق پیر 17 اگست، 3 ربیع الاول کو میر واعظ عمر فاروق سری نگر کے خواجہ بازار میں واقع تاریخی خانقاہ نقشبند صاحبؒ میں خصوصی خطاب کریں گے۔

انجمن اوقاف کے مطابق خصوصی پروگرام خواجہ دگر کے موقع پر نمازِ ظہر سے نمازِ عصر تک منعقد ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button