پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل2027میں کرانےکی تجویزمسترد،الیکشن کمیشن کافوری شیڈول جاری کرنے کافیصلہ

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں کمیشن کے ارکان نثار احمد درانی، بابر حسن بھروانہ، جسٹس (ر) اکرام اللہ خان، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے 14 اکتوبر 2026 کو اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ دسمبر میں شدید دھند اور سخت سرد موسم، جبکہ فروری میں رمضان المبارک کے آغاز کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں اپریل 2027 کے دوران کرائے جائیں۔
تاہم الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔ اعلامیے کے مطابق الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(3) کے تحت 20 اگست 2026 کو پنجاب حکومت کے ساتھ مشاورت مکمل ہوئی تھی، جس میں صوبائی حکومت نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران بلدیاتی انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ بعد ازاں صوبائی حکومت کی جانب سے مجوزہ تاریخوں میں تبدیلی کی درخواست سامنے آئی، تاہم کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کر چکا ہے۔ اس سلسلے میں دفتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ انتخابی پروگرام کا مسودہ منظوری کے لیے فوراً پیش کیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق انتخابی عملے کی تعیناتی کے لیے متعلقہ افسران کی فہرستیں تاحال فراہم نہیں کی گئیں، جس پر الیکشن کمیشن نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ یہ فہرستیں ایک ہفتے کے اندر فراہم کی جائیں۔
کنٹونمنٹس میں بھی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 15 اپریل 2026 کو وزارت دفاع کے ایڈیشنل سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا تھا۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کو ہدایت کی تھی کہ وفاقی حکومت کو سمری بھیجی جائے تاکہ کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کی دفعہ 19(D) کے تحت انتخابات کے انعقاد کے لیے کمیشن کو باضابطہ درخواست دی جا سکے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع کو متعدد یاددہانی خطوط ارسال کیے گئے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے بھی وزیراعظم کو خط لکھا، تاہم خاطرخواہ جواب موصول نہیں ہوا۔ کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کنٹونمنٹس میں بھی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔



