ایران نے امریکی خاتون کو ملک چھوڑنے کی اجازت دے دی، ٹرمپ نے خیرسگالی کا اقدام قرار دے دیا

تہران / واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے ایک امریکی خاتون کو ملک چھوڑنے کی اجازت دے دی ہے، جسے انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان خیرسگالی کا اقدام قرار دیا۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ مذکورہ امریکی خاتون کو 2024 میں بائیڈن انتظامیہ کے دور میں غلط طور پر حراست میں لیا گیا تھا۔ ان کے بقول امریکا ایران کے اس اقدام کو سراہتا ہے۔

انسانی حقوق کے وکیل جیرڈ جینسر نے رہائی پانے والی امریکی شہری کی شناخت ڈینا کراری کے نام سے کی۔ ان کے مطابق ڈینا کو دسمبر 2024 سے ایران سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی تھی۔

جیرڈ جینسر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ڈینا اب محفوظ ہیں اور امریکا واپس جا رہی ہیں۔ انہوں نے رہائی کے لیے صدر ٹرمپ اور متعلقہ حکام کی کوششوں پر شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی اور عسکری کشیدگی برقرار ہے، تاہم اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان محدود انسانی نوعیت کے تعاون کی ایک مثبت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button