ڈیپلو میں تحصیل اسپتال کی اسی مقام پر تعمیر کے فیصلے کیخلاف21جولائی کو آل پارٹیز کی تاریخی احتجاجی ریلی کا اعلان

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تحصیل ڈیپلو میں تحصیل اسپتال کو موجودہ تنگ، غیر موزوں اور بدبودار مقام پر دوبارہ تعمیر کرنے کے فیصلے کے خلاف آل پارٹیز ایکشن کمیٹی نے 21 جولائی 2026 کو احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ریلی منگل کی صبح 10 بجے خالد چوک سے شروع ہوگی اور اللہ والا چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگی۔ آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ تحصیل کے عوام کی رائے کو نظرانداز کرتے ہوئے اسپتال کو اسی مقام پر تعمیر کرنے کا فیصلہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ کمیٹی نے شہریوں، دیہاتیوں، سماجی تنظیموں، تاجروں، نوجوانوں، خواتین اور تحصیل ڈیپلو کے باشعور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے شہر، اسپتال اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے بڑی تعداد میں احتجاجی ریلی میں شرکت کریں اور اپنا جمہوری آواز بلند کریں۔ آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کے مطابق عوام کی بنیادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے محفوظ، کشادہ اور جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال کسی نئی اور موزوں جگہ پر تعمیر کیا جائے، کیونکہ "محفوظ، کشادہ اور عوامی ضروریات کے مطابق اسپتال ہمارا بنیادی حق ہے۔”



