رنبیر کپور کی زبان پھسل گئی،دسہرہ کے پیغام میں الٹا مطلب نکل گیا،سوشل میڈیاپرتنقیدکےبعدمعافی مانگ لی

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپور نے 20 اکتوبر کو کولکتہ میں فلم کی ٹیم کے ہمراہ دسہرہ کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے برائی پر اچھائی کی فتح کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے ایسا جملہ کہہ دیا جس کا مفہوم ان کے اصل مقصد کے برعکس نکل آیا۔
رنبیر کپور کا مقصد یہ کہنا تھا کہ برائی کتنی ہی طاقتور کیوں نہ ہو، بالآخر اچھائی اور ایمانداری کی فتح ہوتی ہے، تاہم گفتگو کے دوران زبان پھسلنے سے جملے کا مطلب الٹ ہوگیا۔ تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے ان کے بیان پر تنقید شروع کردی۔
بعدازاں چنئی میں فلم کے گیت کی تقریب کے دوران اداکار نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ روز دسہرہ کی تقریب میں پیش آنے والے واقعے پر معذرت چاہتے ہیں، کیونکہ بات کرتے ہوئے ان کی زبان پھسل گئی تھی۔ انہوں نے اپنی کیفیت بیان کرنے کیلئے اپنی فلم ’راک اسٹار‘ کے گیت کے بول بھی دہرائے۔
ہدایت کار نتیش تیواری کی فلم ’رامائن‘ میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا، یش راون جبکہ سنی دیول ہنومان کے کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کو دو حصوں میں ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
فلم کے پہلے حصے کو 5 نومبر کو دیوالی کے موقع پر دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ دوسرا حصہ 2027 میں ریلیز ہوگا۔



