معروف صنعتکارمیاں ریحان اشرف کے قتل کامرکزی ملزم گرفتار،شاہکوٹ سے حراست میں لےلیاگیا

فیصل آباد (جانو ڈاٹ پی کے)فیصل آباد کے معروف صنعتکار میاں ریحان اشرف کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے مبینہ ملزم عمیر کو شاہ کوٹ سے گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے تکنیکی وسائل سے مدد لی گئی، جبکہ اہم کیس کی تفتیش اور ملزم تک پہنچنے کیلئے سی پی او تنویر حسین کی سربراہی میں 12 پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

پولیس کا الزام ہے کہ ملزم عمیر نے جڑانوالہ روڈ پر فائرنگ کرکے میاں ریحان اشرف کو قتل کیا تھا۔ واقعے کے دیگر پہلوؤں اور مبینہ طور پر واردات میں شریک افراد کے کردار سے متعلق تفتیش جاری ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق صنعتکار ریحان اشرف ہفتے کی رات اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ کھانے کیلئے گئے تھے، جہاں انہوں نے اپنی گاڑی کی چابی کلب کے پارکنگ اسٹاف کے حوالے کی۔ کچھ ہی دیر بعد ان کے موبائل فون پر گاڑی کے آن اور آف ہونے سے متعلق اطلاع موصول ہوئی تو وہ فوری طور پر باہر پہنچے، تاہم گاڑی وہاں موجود نہیں تھی۔

مقدمے کے مطابق ریحان اشرف نے اپنے دو بھائیوں اور ایک دوست کے ہمراہ دوسری گاڑی میں سوار ہوکر مسروقہ گاڑی کا تعاقب کیا۔ تقریباً چار سے پانچ کلومیٹر دور جڑانوالہ روڈ پر ٹریفک جام کے دوران گاڑی دکھائی دی تو وہ اس کے قریب گئے۔ایف آئی آر میں بیان کیا گیا ہے کہ اسی دوران گاڑی سے دو مسلح افراد باہر نکلے اور فائرنگ کردی۔ گولی ریحان اشرف کی گردن میں لگی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔پولیس نے ملزم کی گرفتاری کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے، تاہم قتل کے محرکات اور واقعے میں ملوث دیگر ممکنہ افراد کے بارے میں حتمی حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button