مذاکرات کیلئے وزیراعظم خوددعوت دیں،غیر جمہوری نظام کے خلاف لڑینگے،محمود خان اچکزئی کاحکومت کودوٹوک پیغام

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اگر حکومت سیاسی مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے تو وزیراعظم خود دعوت دیں، مذاکرات کا مذاق اڑانے والوں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔
بیرسٹر گوہر اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کی تقاریر کا ریکارڈ محفوظ رکھنا آئینی تقاضا ہے تاکہ پاکستان کے عوام فیصلہ کرسکیں کہ ان کے منتخب نمائندے کیا کہتے ہیں۔ پارلیمانی تقاریر قوموں کی تاریخ محفوظ رکھنے کا ذریعہ ہوتی ہیں، لیکن پارلیمنٹ میں اپنے جائز حقوق کے لیے بھی لڑنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر کے اختیارات قانون کی کتاب کے مطابق استعمال ہونے چاہییں۔ قومی اسمبلی میں بعض ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جاتے ہیں جبکہ بعض کے نہیں ہوتے۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ روز کی تقریر میں کوئی غلط بات نہیں کی، تاہم ان کی ساڑھے چار منٹ کی تقریر کو نو منٹ میں پیش کیا گیا۔ ان کے مطابق تقریر میں ایک لفظ بھی ملک کے خلاف نہیں تھا۔ انہوں نے فرانس میں مظاہروں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکلے، سیکڑوں گاڑیوں کو آگ لگائی گئی اور ایفل ٹاور کو نذرِ آتش کیے جانے کے باوجود مظاہرین پر گولیاں نہیں چلائی گئیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سیاسی مذاکرات کے لیے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ان کے بقول اپوزیشن کی سنجیدگی ہی کی وجہ سے مولانا فضل الرحمان وزیراعظم سے ملاقات کے لیے گئے تھے، لیکن اب مذاکرات کے لیے وزیراعظم کو خود دعوت دینی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذاق اڑانے کے انداز میں مذاکرات نہیں ہوں گے۔
محمود خان اچکزئی نے موجودہ حکومت پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کے لیے خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن غیر جمہوری نظام کے خلاف جمہوری انداز میں جدوجہد کرے گی۔ پاکستان کو بچانے کے خواہش مند ہر شہری کا فرض ہے کہ وہ جمہوریت کے لیے کھڑا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پارلیمنٹ بااختیار ہونی چاہیے اور تمام اداروں کو اپنے آئینی دائرۂ کار میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔ کچھ بھی ہوجائے، پاکستان کو غیر جمہوری نظام کے حوالے نہیں کریں گے کیونکہ ان کے خیال میں ایسا نظام ملک کو توڑنے کا راستہ بن سکتا ہے۔



