روہڑی میں شہید کانسٹیبل جہانزیب جتوئی آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک

سکھر(جانو ڈاٹ پی کے)روہڑی تھانے کی حدود میں ڈیوٹی کے دوران شہید پولیس کانسٹیبل جہانزیب جتوئی کی شہادت نے شہر میں گہرے صدمے کی لہر دوڑا دی۔
ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب روہڑی تھانے کی حدود نیو یارڈ پولیس چوکی کے قریب ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا،مقابلے میں بہادری سے فرائض انجام دینے والے پولیس کانسٹیبل جہانزیب جتوئی گولیاں لگنے کے باعث شہید ہوگئے ۔پولیس نے جائے وقوعہ پر بھاری نفری روانہ کی اور علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا شہید اہلکار کا جسدِ خاکی اتوار کی صبح پولیس لائن ہیڈکوارٹر سکھر لایا گیا جہاں سرکاری اعزاز کے ساتھ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) ڈاکٹر فیصل عبداللہ چاچڑ،ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل،ایس ایس پی سی ٹی ڈی قدوس کلوڑ،پولیس افسران و جوان، صحافی،سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شہید کے جسدِ خاکی کو سندھ پولیس اور پاکستان کے پرچم میں لپیٹا گیا ،پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اجتماعی دعا کے ساتھ شہید اہلکار کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔
ترجمان سکھر پولیس کے مطابق شہید اہلکار کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی سرکاری نمازِ جنازہ کے بعد شہید کا جسدِ خاکی آبائی علاقے روہڑی منتقل کیا گیاروہڑی نیو یارڈ کالونی کے العباس گراؤنڈ میں شہید کی دوسری نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں شہری دوست و احباب،رشتہ دار اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہید کانسٹیبل جہانزیب جتوئی کو انتہائی افسوسناک ماحول میں آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا۔
شہید اہلکار کے ورثاء نے صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار،صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ،آئی جی سندھ غلام نبی میمن،ڈی آئی جی سکھر ڈاکٹر فیصل عبداللہ چاچڑ اور ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل سے مطالبہ کیا کہ پولیس اہلکار جہانزیب جتوئی کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔
صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ تمام ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر نے کہا کہ امن کے قیام اور عوام کی حفاظت کے لیے جان نچھاور کرنے والے پولیس اہلکار محکمہ کا فخر ہیں شہید کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی اور ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔



