بڑے بجلی صارفین کو متعدد سپلائرز سے بجلی حاصل کرنے کی اجازت مل گئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)نیپرا نے بجلی شعبے میں اصلاحات کے سلسلے میں کنزیومر اہلیت معیار ریگولیشنز 2022 میں اہم ترامیم کا اعلان کردیا۔ بڑے صارفین کو متعدد سپلائرز سے بجلی خریدنے کی اجازت دے دی گئی۔یہ ترامیم ریگولیشن آف جنریشن، ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن ایکٹ1997کے تحت کی گئی ہیں جبکہ نیپرا نے ایس آر او کے ذریعے ان کا باقاعدہ نفاذ بھی کر دیا ہے۔ نیپرا کے مطابق ان ترامیم کا مقصد مسابقتی بجلی مارکیٹ کو فروغ دینا اور صارفین کو زیادہ انتخاب فراہم کرنا ہے۔
نئے قواعد کے تحت بڑے صارفین مختلف سپلائرز کے ساتھ بیک وقت معاہدے کر سکیں گے تاہم کسی بھی سپلائر پر یہ لازم نہیں ہوگا کہ وہ پہلے سے کسی اور کے ساتھ معاہدہ رکھنے والے صارف کو بجلی فراہم کرے۔ اسی طرح سپلائرز بھی ایسے صارفین کو بجلی دینے کے پابند نہیں ہوں گے جو پہلے سے کسی اور سپلائر کے ساتھ معاہدہ رکھتے ہوں۔
ریگولیشن کے مطابق ہر سپلائر کے ساتھ طے شدہ تناسب کو معاہدے کی مدت کے دوران برقرار رکھنا ضروری ہوگا۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ سپلائر آف لاسٹ ریزورٹ سے بجلی لینے والے صارفین بھی دیگر سپلائرز کے ساتھ معاہدے کر سکتے ہیں تاہم اس کے لیے کم از کم ایک سال پہلے تحریری نوٹس دینا ہوگا۔



