پاکستان امن کا داعی،وزیرا عظم سعودی عرب،فیلڈ مارشل ایران پہنچ گئے،امریکااورایران معاہدے کے قریب

جدہ/تہران(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان امن کا داعی،وزیرا عظم سعودی عرب،فیلڈ مارشل ایران پہنچ گئے،امریکاایران مذاکرات معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔جدہ پہنچنے پر کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرگورنر جدہ نے وزیراعظم شہبازشریف کا استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔بدھ کو وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جدہ پہنچنے پر نائب گورنر مکہ ریجن، شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور مملکت میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے پُرتپاک استقبال کیا۔
دوسری طرف امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ تہران پہنچ گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران پہنچ گئے ہیں، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کا دورہ ایران جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دیگر ایرانی حکام کے ہمراہ فیلڈ مارشل اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد ایران پہنچا ہے جہاں وہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے اہم بات چیت کرے گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا اور ایران جنگ ختم کرنے کے فریم ورک معاہدے کے قریب پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق یہ پیشرفت امریکا اور ایران نے منگل کے روز مذاکرات میں کی ہے،جہاں فریقین جنگ ختم کرنے کے فریم ورک معاہدے کے قریب پہنچ گئے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان پاکستان کے ذریعے رابطے جاری ہیں۔ پاکستان سے ایرانی وفد کی واپسی کے بعد کئی بار پیغامات کا تبادلہ ہوا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق پاکستان میں ہونے والے مذاکرات میں جنگ کے مکمل خاتمے پر بات ہوئی۔ جنگ سے ہونے والے نقصانات کے ازالے پر بھی بات چیت کی گئی۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ چھوٹی نہیں جامع ڈیل چاہتے ہیں۔ کہا ایران کے ساتھ جنگ بندی برقرار ہے،مذاکرات بھی جاری ہیں۔
جے ڈی وینس کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ثالثی میں زبردست پیش رفت ہوئی لیکن بداعتمادی ایک رات میں ختم نہیں ہوسکتی، یہ بڑی بات ہے کہ 49 سال میں پہلی بار تہران کے ساتھ اعلیٰ سطح پر براہ راست بات چیت ہورہی ہے۔



