سی ای او ہیلتھ کا سول ہسپتال وزیرآباد کا دورہ، مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) سی ای او ہیلتھ گوجرانوالہ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور نے سول ہسپتال وزیرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، فارمیسی، کلینیکل لیبارٹری سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے سی ای او ہیلتھ کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محسن، سینئر ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور پیرا میڈیکل عملہ بھی موجود تھا۔ڈاکٹر عمر شریف راٹھور نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف سے ہسپتال میں درپیش مسائل اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی سول ہسپتال وزیرآباد میں بطور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ خدمات انجام دے چکے ہیں، اس لیے ہسپتال کے مسائل اور ضروریات سے بخوبی آگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنا رہی ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ سول ہسپتال وزیرآباد میں ادویات وافر مقدار میں فراہم کی گئی ہیں جبکہ گائنی کا شعبہ بھی مکمل طور پر فعال ہے۔سی ای او ہیلتھ نے کہا کہ سول ہسپتال وزیرآباد ریجن بھر کے ہسپتالوں میں ایک منفرد اور بہترین علاج گاہ کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے علاج معالجے، ادویات اور دیگر طبی سہولیات کے بارے میں براہِ راست دریافت کیا۔اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے سی ای او ہیلتھ کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، دستیاب سہولیات اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور نے ہسپتال کے طبی و انتظامی امور کو مزید بہتر بنانے اور مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Back to top button