تھرپارکر کی گڈھی بھٹ مرحوم مقیم کی برسی تقریب، موسیقی، رقص، مقالے پڑھے گئے

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھر کے نامور سگھڑ، ادیب، تاریخ دان اور سماجی کارکن مرحوم مقیم کنبھار کی 14ویں برسی گڈھی بھٹ پر چاندنی رات اور ٹھنڈی ہواؤں کے خوشگوار ماحول میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، جس میں تھر کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں سگھڑوں، ادیبوں، شاعروں، صحافیوں، سیاسی و سماجی شخصیات، مختلف تنظیموں کے نمائندوں، منتخب نمائندوں اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔ تقریب مقيم کنمبھار فائونڈیشن کی جانب منائی گئی جس میں شریک مقررین نے مرحوم مقیم کنبھار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ کوئی ایم این اے تھے، نہ ایم پی اے، نہ سردار اور نہ ہی کسی درگاہ کے مرشد، بلکہ وہ اس دھرتی کے سچے انسان تھے، جنہوں نے اپنی مٹی سے محبت کی اور اپنی پوری زندگی تھر کے غریب اور محنت کش لوگوں کے لیے وقف کر دی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مرحوم مقیم کنبھار اپنے ہاتھوں سے مٹی کے برتن بنا کر فروخت کرتے تھے، لوگوں کی درخواستیں لکھ کر ان کی مدد کرتے تھے اور خود غریب ہونے کے باوجود ہمیشہ غریبوں کے ساتھ کھڑے رہتے تھے۔ انہوں نے محبتیں بانٹیں، لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی اور آج بھی تھر کے لوگ انہیں بڑی عقیدت سے یاد کرتے ہیں۔ برسی کی تقریب میں حاجی ساند، یوسف سولنگی، شکیل جٹ، شیر علی درس، اشرف کنبھار، کاٹاؤ جانو، اعجاز بجیر، ساجد بجیر، ممتاز نہڑیو اور دیگر شخصیات نے شرکت کی اور مرحوم کی سماجی، ادبی اور انسانی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر ثقافتی رنگ بھی نمایاں رہے، جہاں چوروڑی رقص، ڈانڈیو رقص، ہو جمالو اور دیگر سندھی و علاقائی رقص پیش کیے گئے، جبکہ فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرحوم مقیم کنبھار جیسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، جو کسی عہدے یا دولت کے بغیر صرف اپنے اخلاق، محبت اور خدمت کے باعث لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button