پاکستان کے10منافع بخش سرکاری اداروں میں بحری شعبے کے3ادارے شامل، کے پی ٹی چھٹے،پورٹ قاسم ساتویں اور پی این ایس سی دسویں نمبر پر آگئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزارت خزانہ کے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ کی مالی سال 2024-25 کی سالانہ رپورٹ میں وزارت بحری امور کے تین اداروں نے ملک کے 10 منافع بخش سرکاری اداروں میں جگہ بنا لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) چھٹے، پورٹ قاسم اتھارٹی ساتویں جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) دسویں نمبر پر ہے۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے تینوں اداروں کی مالی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی مؤثر مالیاتی انتظام، انتظامی بہتری اور بہتر کارکردگی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان اداروں کی کامیابی ان کی انتظامیہ اور ملازمین کی مشترکہ محنت کی عکاسی کرتی ہے۔ مالیاتی نظم و ضبط اور انتظامی امور میں بہتری کے ذریعے اداروں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملی ہے۔

جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ بحری اداروں کی مالی کارکردگی میں بہتری قومی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔ ان اداروں کی مضبوط مالی پوزیشن نہ صرف بحری شعبے کی ترقی میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے بلکہ ملکی معیشت میں ان کے کردار کو بھی مزید مستحکم کرسکتی ہے۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ میں سامنے آنے والی درجہ بندی کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی شمولیت سرکاری بحری اداروں کی مالی کارکردگی کو نمایاں کرتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button