بلوچستان میں دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام،6کلوگرام دیسی ساختہ بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیاگیا

نصیرآباد(جانو ڈاٹ پی کے)بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ممکنہ دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔پولیس کے مطابق تھانہ نوتال کی حدود میں ربیع کینال کے قریب سے تقریباً 6 کلوگرام دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچا اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ خطرے کو ٹال دیا گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ دھماکا خیز مواد وہاں رکھنے میں ملوث ملزمان کی تلاش بھی شروع کردی گئی ہے۔



