چھکے صرف مجھے نہیں پڑتے، دنیا کے ہر بولر کو مار پڑتی ہے، حارث رؤف کا دوٹوک جواب

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا ہے کہ چھکے صرف انہیں نہیں لگتے بلکہ دنیا بھر میں ہر بولر کو بیٹرز کی جانب سے مار پڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور فاسٹ بولر ان کا بنیادی کام وکٹیں حاصل کرنا ہے، اس لیے رفتار بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔

لاہور میں ٹیم پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے انہیں اپنی فٹنس اور بولنگ ردھم بہتر بنانے کا موقع ملا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے زیادہ فٹنس درکار ہوتی ہے اور ماضی میں وہ خود کو ٹیسٹ میچز میں بہتر کارکردگی کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں سمجھتے تھے۔

فاسٹ بولر نے امید ظاہر کی کہ اب وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ان کے مطابق سہ ملکی سیریز کا آغاز پاکستانی ٹیم کے لیے اچھا رہا ہے اور ٹیم نے مجموعی طور پر بہترین کھیل پیش کیا ہے۔

حارث رؤف نے لاہور کی پچ کے حوالے سے کہا کہ وکٹ تازہ محسوس ہو رہی ہے اور یہاں بولرز کو مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے 25 اکتوبر کو بریسٹ کینسر سے آگاہی کے سلسلے میں کھیلے جانے والے میچ کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اس مقصد کی حمایت کی جانی چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button