بچوں کو آن لائن لالچ دے کر استحصال کرنے والا گینگ پکڑا گیا،4ملزم گرفتار

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بچوں کے جنسی استحصال، نازیبا ویڈیوز بنانے اور انہیں پاکستان سمیت بین الاقوامی سطح پر فروخت کرنے کے الزام میں ایک گینگ کے چار مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 50 سے 60 بچوں کی نازیبا ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔

این سی سی آئی اے اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شعیب خان نے جمعے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایجنسی نے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد، آن لائن مالیاتی فراڈ اور سائبر ہراسانی میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کارروائیوں کے دوران بین الاقوامی گینگ کا سراغ لگایا۔

محمد شعیب خان کے مطابق تفتیش کا آغاز ایک بچے کے موبائل فون سے ملنے والی تقریباً 60 ویڈیوز کی بنیاد پر کیا گیا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 6 سے 14 سال کی عمر کے بچوں سے رابطے کرتے، دوستی اور پیسوں کا لالچ دے کر انہیں جنسی استحصال کا نشانہ بناتے اور نازیبا ویڈیوز تیار کرتے تھے۔ یہ مواد مبینہ طور پر واٹس ایپ گروپس اور بین الاقوامی نیٹ ورکس کے ذریعے فروخت کیا جاتا تھا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے نے بتایا کہ اس نوعیت کے ایک مقدمے میں اس سے قبل دو چینی شہریوں کو بھی سزائیں دلوائی جا چکی ہیں۔ تازہ کارروائی کے حوالے سے مزید قانونی تفصیلات اور گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات کی پیش رفت سامنے آنا باقی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button