پٹرول پر162روپے فی لیٹر ٹیکس،جماعت اسلامی کاحکومت سے ریلیف کامطالبہ،مذاکرات میں اہم تجاویزپیش

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسوں سے نجات دلانے کے لیے حکومت کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف دلانے کے لیے جماعت اسلامی کی تحریک جاری رہے گی۔
حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے دھرنے دیے اور کراچی سے ملتان تک ٹرین مارچ کیا۔ ان کے مطابق ملتان پہنچنے پر وزیراعظم نے رابطہ کیا، جس کے بعد وزیراعظم کی درخواست پر لانگ مارچ مؤخر کردیا گیا۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ آج کے مذاکرات کا مقصد وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات سے قبل دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان بعض معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔ جماعت اسلامی نے حکومتی کمیٹی کے سامنے اپنی تجاویز پیش کردی ہیں، جن پر پیش رفت ضروری ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ٹیکسوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے لیاقت بلوچ نے دعویٰ کیا کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت 242 روپے 66 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 246 روپے 80 پیسے ہے۔ ان کے مطابق حکومت فی لیٹر پٹرول پر ٹیکسوں کی مد میں 162 روپے جبکہ ڈیزل پر 148 روپے وصول کررہی ہے۔نائب امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ حکومت پٹرولیم لیوی کے معاملے پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو دھوکہ دے رہی ہے اور عوام پر مالی بوجھ بڑھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران اپنی عیاشیاں ختم کرنے کو تیار نہیں، جبکہ عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا۔



