راولپنڈی،پشاور روڈ پر سی این جی اسٹیشن میں دھماکہ،ایک شخص جاں بحق،3زخمی

راولپنڈی(جانو ڈاٹ پی کے)راولپنڈی میں پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب واقع سی این جی اسٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پھیل گئی، جبکہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
امدادی آپریشن میں 10 ایمرجنسی گاڑیوں اور 25 اہلکاروں نے حصہ لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے تینوں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کردیا، جبکہ جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش بھی اسپتال پہنچا دی گئی۔
حکام کے مطابق دھماکے کی فوری وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ واقعے کی نوعیت اور اسباب کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات اور چھان بین جاری ہے۔



