اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آر فور وزارتی اجلاس کے موقع پر مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور مصر کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، کاروباری اداروں کے درمیان روابط، زراعت، ادویہ سازی اور رابطہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر قابل تجدید توانائی، دفاع اور عوامی سطح پر تبادلوں کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی صورتحال، بالخصوص فلسطین اور مشرق وسطیٰ میں ہونے والی پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت اجاگر کی۔

اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے آر فور فریم ورک کے تحت مشاورت جاری رکھنے اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

مزید خبریں

Back to top button