بجلی صارفین کو ریلیف دینے کیلئے اویس لغاری کابڑافیصلہ

وزیر توانائی کی زیر صدارت ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اہم اجلاس میں اصلاحاتی فریم ورک نافذ کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام قومی ترجیح ہے، تاہم بے گناہ شہریوں پر من مانا مالی بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
مجوزہ اصلاحات کے تحت فیلڈ عملے کے صوابدیدی اختیارات کو ضابطے کا پابند بنایا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو غیر منصفانہ بلنگ سے تحفظ ملے اور بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں بھی قواعد کے مطابق جاری رہیں۔
پاور ڈویژن کی ہدایات کے مطابق اب تمام ڈسکوز ڈیٹیکشن بلنگ صرف پی آئی ٹی سی کے مرکزی آن لائن پورٹل کے ذریعے کریں گی۔ فیلڈ عملے اور سب ڈویژنل افسران (ایس ڈی اوز) کی جانب سے دستی طور پر یا من مانے انداز میں ڈیٹیکشن بل جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق دستی طریقے سے ڈیٹیکشن بل جاری کرنے کو سنگین بدانتظامی تصور کیا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی اور بڑی سزائیں دی جا سکیں گی۔



