گوادرمیں سکیورٹی فورسزکاکلیئرنس آپریشن مکمل،10دہشتگردہلاک

گوادر (جانو ڈاٹ پی کے)پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور شہر کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کوششوں کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ کلیئرنس آپریشنز کے دوران ایک خاتون سمیت 10 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں ایک شہری شہید اور چند گاڑیاں تباہ یا نقصان کا شکار ہوئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بلوچستان کے عوام کو نشانہ بنانے اور صوبے میں ترقی و خوشحالی کے عمل کو روکنے کی کوشش کی۔ کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق گوادر میں کلیئرنس آپریشنز مکمل کرلیے گئے ہیں اور علاقے میں امن و امان اور ریاستی عمل داری بحال کردی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر نے دہشت گردی کے ان واقعات کو بھارتی سرپرستی میں کی جانے والی کارروائی قرار دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردوں کی جانب سے بلوچ خاتون کو حملے کے لیے استعمال کرنا بلوچ خواتین کی حرمت کے خلاف جرم ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد بلوچ خواتین کو اپنے مقاصد اور پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جبکہ بلوچستان کے عوام اپنے نام پر خون بہانے والوں کو مسلسل مسترد کرتے آئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button