گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی،7دہشتگردہلاک

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر میں ایک تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر گزشتہ روز دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو گھیرے میں لے لیا اور ان کے خلاف آپریشن شروع کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر نصب آئی ای ڈیز کی نشاندہی اور انہیں ناکارہ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے کو محفوظ بنایا جاسکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوادر میں 7 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور بہادری کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔ بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



