مریم اورنگزیب کی چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن سے ملاقات،سی پیک، سرمایہ کاری اور اسموگ کے خاتمے پر اہم تبادلہ خیال

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ خاندانوں اور نسلوں تک پھیلی محبت، اعتماد اور دوستی کی مضبوط بنیاد رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق سی پیک پاک چین دوستی کا تاریخی سنگ میل ہے، جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں 2029 تک کاروبار دوست معاشی تبدیلی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ برآمدات میں اضافے، مصنوعات میں ویلیو ایڈیشن اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے اگلے سال بین الاقوامی معیار کی ایئر کوالٹی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ پنجاب میں فضائی آلودگی کی نگرانی کے اسٹیشنز کی تعداد 69 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ اسے بڑھا کر 100 کرنے کا ہدف ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق بیجنگ کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب میں اسموگ کے خاتمے کے لیے سال بھر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ماحول دوست ٹیکنالوجی، فضائی آلودگی کی مؤثر نگرانی اور فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے سپر سیڈرز اور بیلرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔ زرعی باقیات کو معاشی وسائل میں تبدیل کرنے کے لیے جدید طریقوں کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں گرین انرجی اور الیکٹرک موبلٹی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس کی فراہمی ماحول دوست سفری نظام کی جانب اہم قدم ہے۔
صحت کے شعبے میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور، ملتان اور سرگودھا میں کینسر کے علاج کی سہولتوں اور ضلعی کینسر مراکز کے قیام پر کام جاری ہے، جبکہ صحت اور تعلیم میں اصلاحات حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے پاک چین تعاون کے فروغ میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ مریم اورنگزیب نے دورے اور تعاون کی یقین دہانی پر چینی نمائندے کا شکریہ ادا کیا۔



