مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا کا نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر سے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے وفد نے خصوصی ملاقات کی، جس کے دوران مسئلہ کشمیر، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و آزاد جموں و کشمیر کے باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے درمیان تعلق محض جغرافیائی نہیں بلکہ اسلامی، نظریاتی اور روحانی بنیادوں پر استوار ہے۔ ان کے بقول دونوں یک جان دو قالب ہیں اور پاکستان کے بغیر کشمیر نامکمل ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھارتی حکومت پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف سنگین مظالم کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مسئلے کا پائیدار حل صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ بھارت آزاد جموں و کشمیر میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے پرتشدد اور شرپسند گروہوں کی حمایت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پرتشدد عناصر کو مسترد کرتے ہیں اور اپنے مسائل کے حل کے لیے جمہوری و انتخابی عمل اور اپنے منتخب نمائندوں پر اعتماد رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔



