والدہ کو واپس بلانے کیلئے جعلی طلاق کا نوٹس، اسماء عباس کا حیران کن انکشاف

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسماء عباس نے اپنے والد احمد بشیر کی ازدواجی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے والد نے دو شادیاں کی تھیں اور ان کی والدہ دوسری اہلیہ تھیں۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اسماء عباس نے بتایا کہ ان کے والد کی پہلی شادی خاندان کی پسند سے ایک کزن کے ساتھ ہوئی تھی، تاہم احمد بشیر اس رشتے پر رضامند نہیں تھے۔ اداکارہ کے مطابق نکاح کے بعد ان کے والد اپنے ایک دوست کے گھر چلے گئے، جس نے پہلی اہلیہ سے علیحدگی کے معاملے میں ان کی مدد کی۔

اسماء عباس نے بتایا کہ بعدازاں ان کے والد نے ان کی والدہ سے شادی کی۔ ان کے مطابق والدین بھی آپس میں رشتے دار تھے اور ان کے والد اپنی دوسری اہلیہ سے بے حد محبت کرتے تھے۔

اداکارہ نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کی بڑی بہن ادیبہ نیلم بشیر کی پیدائش ہوئی تو والدہ اپنے میکے چلی گئی تھیں۔ والد نے انہیں واپس بلانے پر اصرار کیا، لیکن جب وہ فوری طور پر واپس نہ آئیں تو انہوں نے ڈرانے کے لیے طلاق کی دھمکی دی اور یہاں تک کہ جعلی طلاق کا نوٹس بھی بھجوا دیا۔

اسماء عباس کے مطابق والدہ یہ نوٹس دیکھ کر خوف زدہ ہوگئیں اور فوراً واپس آگئیں، تاہم گھر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ طلاق کا نوٹس جعلی تھا اور والد نے انہیں واپس بلانے کے لیے یہ طریقہ اختیار کیا تھا۔

واضح رہے کہ اسماء عباس کا تعلق فنونِ لطیفہ سے وابستہ ایک معروف خاندان سے ہے۔ ان کی بہن بشریٰ انصاری پاکستان کی نمایاں اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، جبکہ ان کی بہن سنبل کا انتقال 2021 میں کورونا وائرس کے باعث ہوا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button