لاہور میں بسنت کی تاریخوں کااعلان،12،13اور14مارچ2027کو پتنگ بازی ہوگی،چھتوں پر حفاظتی دیواریں لازمی قرار

سیکرٹری داخلہ احمد جاوید کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو منائی جائے گی۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی غیر محفوظ چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق 31 دسمبر 2026 سے قبل چھتوں پر کم از کم ساڑھے تین فٹ بلند حفاظتی دیوار تعمیر کرنا لازم ہوگا، جبکہ پتنگ بازی کے لیے اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں کی مرمت بھی کروانا ہوگی۔
سیکرٹری داخلہ احمد جاوید نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کیا جائے۔ اگر کسی عمارت کی حالت غیر تسلی بخش ہو تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر وہاں پتنگ بازی پر پابندی عائد کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پتنگ بازی کے لیے استعمال ہونے والی چھت کی مضبوطی اور پائیداری کی ذمہ داری مالک مکان پر ہوگی۔
اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ اگر بجلی کی تاریں چھت کے قریب ہوں تو عمارت کے مالکان انہیں محفوظ بنانے کے پابند ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنرز پتنگوں اور ڈور کی مقررہ حدود کے مطابق تیاری، ترسیل اور فروخت کی نگرانی بھی کریں گے تاکہ بسنت کے دوران حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔



