خیبرپختونخواکیلئے مزید فنڈزدینےکوتیار ہیں،دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات پوری کریں گے،طلال چوہدری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید فنڈز جاری کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کو قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے تحت دیگر صوبوں سے الگ ایک فیصد اضافی حصہ بھی دیا جاتا ہے۔
طلال چوہدری کے مطابق اس مد میں خیبر پختونخوا کو ساڑھے 8 ارب روپے پہلے ہی فراہم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق فاٹا کے آڈٹ کا عمل صوبائی حکومت کے تعاون سے مکمل ہو چکا ہے، تاہم آڈٹ رپورٹ سے متعلق محکمہ جاتی اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) کا ایک اجلاس ابھی باقی ہے۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ ڈی اے سی کا اجلاس مکمل ہونے کے بعد آڈٹ رپورٹ سیفران کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید فنڈز جاری نہ کرنے کی ہدایت سیفران کمیٹی نے ہی دی تھی، تاہم وفاقی حکومت دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی ضروریات کے لیے اضافی رقم دینے پر آمادہ ہے۔



