بورے والا میں انسانیت سوز واقعہ، مبینہ زیادتی کی کوشش کے بعد خاتون پر تشدد، حمل ضائع

بورے والا (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو، جانو ڈاٹ پی کے) چیچہ وطنی روڈ پر واقع ایک نجی ٹاؤن میں مبینہ طور پر خاتون کو زیادتی کی کوشش کے بعد تشدد کا نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں خاتون کا تقریباً اڑھائی ماہ کا حمل ضائع ہونے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کے مطابق خاتون کی تقریباً تین ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ الزام ہے کہ اس کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا کہ اس کے بھائی نے مبینہ طور پر خاتون سے زیادتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ کوشش ناکام ہونے کے بعد ملزم نے خاتون کے پیٹ پر لاتیں ماریں، جس سے وہ شدید تکلیف میں مبتلا ہوگئی۔ بعد ازاں اس کا شوہر گھر پہنچا تو الزام ہے کہ اس نے بھی خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
خاتون کو مبینہ طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا تقریباً اڑھائی ماہ کا حمل ضائع ہوگیا۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاتون کے ورثا نے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



