کمشنر ملتان کا بورے والا کا دورہ، ٹریفک نظام اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

بورے والا (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو/جانو ڈاٹ پی کے) کمشنر ملتان ڈویژن رانا عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کے ہمراہ بورے والا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ٹریفک مینجمنٹ، ٹریفک سگنلز اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر بورے والا جواد حسین ملک نے کمشنر ملتان کو چونگی نمبر 5 اور جنرل بس اسٹینڈ پر نصب ٹریفک سگنلز، ٹریفک کے منظم بہاؤ اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

کمشنر ملتان رانا عامر کریم خاں نے ٹریفک سگنلز کے اطراف موجود چوکوں کو مزید خوبصورت اور دیدہ زیب بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سڑکوں پر لائن مارکنگ کو تازہ کیا جائے اور شہریوں کی رہنمائی و تحفظ کے لیے کیٹ آئیز بھی نصب کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک سگنلز کے فعال ہونے سے شہر میں ٹریفک کے منظم بہاؤ میں بہتری آئی ہے، تاہم حادثات کی روک تھام اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنانا ضروری ہے۔

کمشنر ملتان نے بورے والا میں جاری ورلڈ بینک ماڈل سٹی منصوبے اور پی ڈی پی منصوبے کے تحت ہونے والے ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ملتان رانا عامر کریم خاں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، ٹریفک نظام میں بہتری اور شہر کی خوبصورتی کے لیے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ متعلقہ محکموں کو ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button