بورے والا:زخمی بھٹہ مزدور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا

بورے والا (رپورٹ: محمد ریحان خالد سندھو/جانو ڈاٹ پی کے) چیچہ وطنی روڈ پر 431 بھٹے کے مقام پر چند روز قبل زخمی ہونے والا نوجوان بھٹہ مزدور محمد عرفان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا۔ افسوسناک واقعے پر گنج شکر بھٹہ لیبر یونین ضلع وہاڑی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے متاثرہ خاندان کی فوری مالی امداد اور مستقل کفالت کا مطالبہ کیا ہے۔
گنج شکر بھٹہ لیبر یونین ضلع وہاڑی کے جنرل سیکرٹری حافظ عثمان ریاض نے کہا کہ محمد عرفان پانچ کمسن بچوں کا باپ تھا اور اس کی اچانک وفات سے اس کے اہلخانہ شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مرحوم کے بچوں کی کفالت کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں جبکہ اس کی بیوہ کے لیے مستقل مالی معاونت کا انتظام کیا جائے تاکہ خاندان کا گزر بسر ممکن ہو سکے۔
حافظ عثمان ریاض نے مزید مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ دار بھٹہ مالک کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالک کی جانب مرحوم کے جو واجبات بقایا ہیں، وہ فوری طور پر اس کی بیوہ کو دلوائے جائیں تاکہ لواحقین کو کچھ مالی سہارا مل سکے۔
انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ بھٹہ مزدوروں کے تحفظ، بنیادی حقوق اور کام کی جگہ پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔



