میانمار کے ساحل پر دو کشتیاں الٹ گئیں، 500 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ، اقوام متحدہ

ینگون / نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کے اداروں نے میانمار کے ساحل کے قریب دو کشتیوں کے الٹنے کے بعد 500 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جن میں زیادہ تر روہنگیا پناہ گزین شامل تھے۔

بین الاقوامی تنظیم برائے مہاجرت (IOM) اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (UNHCR) کے مشترکہ بیان کے مطابق دونوں کشتیاں جون کے آخر میں میانمار کی ریاست راکھین سے روانہ ہوئی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق بعض مسافروں نے بنگلہ دیش کے علاقے کاکس بازار میں قائم پناہ گزین کیمپوں سے سفر کا آغاز کیا تھا۔ ایک کشتی میں 250 جبکہ دوسری میں 280 افراد سوار تھے۔

اقوام متحدہ کے اداروں نے بتایا کہ یہ سفر ایسے وقت میں کیا گیا جب بحری موسم معمول کے سفری سیزن سے باہر تھا اور سمندر میں شدید لہروں اور خراب موسمی حالات کے باعث حادثات کا خطرہ زیادہ تھا۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال بحیرہ انڈمان اور خلیج بنگال میں تقریباً 300 افراد کے لاپتا یا ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں، جن میں روہنگیا پناہ گزینوں کے علاوہ بنگلہ دیشی شہری بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ نے اس افسوسناک واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ، غیر محفوظ سمندری سفر اور پناہ گزینوں کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر بین الاقوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button