بنگلادیش کے سیاحتی مقام پر قیامت خیز آتشزدگی، بچوں سمیت 10 افراد ہلاک، متعدد زخمی

فائر سروس حکام کے مطابق امدادی اہلکاروں نے دو فائر بریگیڈ یونٹس کی مدد سے آگ پر قابو پایا، جبکہ بنگلادیش بارڈر گارڈ کے اہلکاروں نے بھی ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لیا۔ حادثے کے وقت ریزورٹ میں تقریباً 30 افراد موجود تھے، جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں، جبکہ بعض لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث ناقابلِ شناخت ہو گئی ہیں۔ متاثرین کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی حتمی وجہ تاحال واضح نہیں، تاہم مقامی ذرائع نے کچن کے چولہے یا بجلی کے شارٹ سرکٹ کو ممکنہ وجوہات قرار دیا ہے۔
فائر سروس حکام کے مطابق ریزورٹ کے پاس مطلوبہ فائر سیفٹی لائسنس اور سرٹیفکیٹ بھی موجود نہیں تھا، جبکہ اسے اس سے قبل آگ سے بچاؤ کے انتظامات میں خطرات کے حوالے سے تنبیہ بھی کی گئی تھی۔ واقعے نے بنگلادیش کے سیاحتی مقامات پر حفاظتی انتظامات اور فائر سیفٹی قوانین پر عمل درآمد سے متعلق سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔



