تعلقہ سول ہسپتال ماتلی کو حیسکو کی جانب سے24گھنٹے بجلی کی فراہمی کیلئے مختص ایکسپریس فیڈر سے مبینہ بجلی چوری کاانکشاف

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی/جانو ڈاٹ پی کے)تعلقہ سول ہسپتال ماتلی کو حیسکو کی جانب سے 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کے لیے مختص ایکسپریس فیڈر سے مبینہ بجلی چوری کا انکشاف، ایف آئی اے نے حیسکو ملازمین سمیت 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا، حیسکو کو 5 لاکھ 41 ہزار 980 روپے کے نقصان کا تخمینہ، ایف آئی آر کے مطابق ایف آئی اے کرائم سرکل حیدرآباد نے انکوائری نمبر ACC-36/2026 کی بنیاد پر حیسکو آپریشن سب ڈویژن ماتلی کے ایس ڈی او عبدالخالق میرانی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 462-I، 462-H، 34 اور پریوینشن آف کرپشن ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) شامل کی گئی ہیں، ایف آئی اے انسپکٹر محمد بخش کی سربراہی میں ایف آئی اے ٹیم نے حیسکو کی ایم اینڈ ٹی ٹیم، ایس ڈی او ماتلی اور تعلقہ سول ہسپتال ماتلی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر گلاب حسین کشمیری کے ہمراہ کارروائی کی تو ہسپتال کو 24 گھنٹے بجلی فراہم کرنے والی 4 کور کیبل کے لوڈ سائیڈ سے مبینہ طور پر براہ راست غیرقانونی کنکشن نکال کر بجلی چوری کیے جانے کا انکشاف ہوا، ایف آئی آر کے مطابق غیرقانونی کنکشن کے ذریعے مختلف کمرشل کاروبار چلائے جا رہے تھے، جبکہ حیسکو ٹیم نے رننگ لوڈ کی پیمائش کی تو 16.5 کلو واٹ لوڈ ریکارڈ کیا گیا، کارروائی کے دوران غیرقانونی کنکشن کی تاریں کاٹ کر قبضے میں لے لی گئیں اور میڈیکل اسٹور پر موجود اسامہ ولد محرم علی کو حراست میں لے لیا گیا، ایف آئی اے نے مقدمے میں اسامہ ولد محرم علی، حیسکو سب ڈویژن ماتلی کے لائن مین فرسٹ عبدالحمید ولد وکیو اور اسسٹنٹ لائن مین اسد علی ولد زبیر علی کو نامزد کیا ہے، ایف آئی آر میں حیسکو ملازمین پر مبینہ غفلت، بجلی کی تقسیم کے نظام کی حفاظت میں ناکامی اور غیرقانونی کنکشن کے معاملے میں مبینہ معاونت و ملی بھگت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، ایف آئی اے کے مطابق معاملے میں ملوث دیگر حیسکو افسران و اہلکاروں، ہسپتال کے عملے یا نجی سہولت کاروں کے کردار کا تعین تحقیقات کے دوران کیا جائے گا، جبکہ مقدمے کی نقول متعلقہ عدالتوں کو ارسال کردی گئی ہیں۔#



