خیبرپختونخوا پولیس کی ذمہ داریاں دیگر صوبوں سے منفرد ہیں، آئی جی ذوالفقار حمید

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کی ذمہ داریاں دیگر صوبوں کی پولیس سے منفرد ہیں، پولیس شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں پولیس شہداء کے ورثا کو پلاٹس کے لیٹرز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ذوالفقار حمید نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ سے جو وعدہ کیا تھا، اسی کے تحت انہیں پلاٹس فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء پیکج میں اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
آئی جی کے پی پولیس کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں، پوری قوم نے چٹان جیسے حوصلے رکھنے والی پولیس کی قربانیوں اور عزم کو تسلیم کیا ہے۔
ذوالفقار حمید نے مزید کہا کہ صوبے کی خوشحالی اور امن کے قیام کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے اور پولیس شہداء کے اہل خانہ کی معاونت جاری رکھی جائے گی۔



