بدین میں پولیس کی کارروائیاں،12 ملزمان گرفتار، منشیات اور دیسی شراب برآمد

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) ماتلی سمیت ضلع بدین کے مختلف علاقوں میں پولیس کارروائیوں کے دوران 12 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کلو 175 گرام چرس، 1205 لیٹر دیسی شراب، 1320 سفینا ساشے اور 44 گرام آئس برآمد کرلی گئی، جبکہ گرفتار ملزمان میں منشیات فروشوں کے علاوہ ایک روپوش ملزم بھی شامل ہے۔ پولیس کارروائیوں کے دوران کڑیو گھنور سے سب سے زیادہ منشیات اور دیسی شراب برآمد ہوئی، جہاں چرس فروش ندیم پنہور کو ایک کلو 175 گرام چرس سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ دیسی شراب کی بھٹی پر چھاپے کے دوران 1040 لیٹر شراب برآمد کرکے ذوالفقار عرف دلو پنہور، فوزیہ پنہور اور ریحانہ پنہور کو گرفتار کیا گیا۔ اسی علاقے میں آئس فروشی کے الزام میں سکندر پنہور کو 20 گرام آئس سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ گٹکا فروشی کے خلاف کارروائی میں اصغر کنبھار اور رضا علی سموں کے قبضے سے 1320 سفینا ساشے برآمد کیے گئے۔ دوسری جانب نندو میں سی آئی اے پولیس نے فیروز گل شیدی کو 18 گرام آئس سمیت گرفتار کیا، بدین میں پولیس نے 150 لیٹر دیسی شراب برآمد کرکے اصغر لغاری کو گرفتار کیا، گلاب لغاری پولیس نے روپوش ملزم معشوق علی ابڑو کو حراست میں لیا، ٹنڈو غلام علی پولیس نے عبد الکریم عرف شاہنواز عرف میر کتری کو 6 گرام آئس سمیت گرفتار کیا، جبکہ ماتلی پولیس نے ذوالفقار عرف زلفی شیدی کو 15 لیٹر دیسی شراب سمیت گرفتار کیا۔ پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق یہ کارروائیاں ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو اور ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کی ہدایات پر منشیات فروشوں اور روپوش و اشتہاری ملزمان کے خلاف کی گئیں۔



