بدین میں کھلی کچہری:شہریوں کی منشیات و بدامنی پر شدید شکایات

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کی جانب سے تلہار تھانے میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں نے منشیات کے عذاب، زمینوں پر قبضے، ڈکیتیوں، سیاسی مداخلت کے باعث انصاف نہ ملنے اور دیگر مسائل کے انبار لگا دیے اس موقع پر راجوخاناں کے رہائشی محمود خاصخیلی نے بتایا کہ 10 ماہ قبل ان کے 12 سالہ پوتے اظہر علی کے ساتھ علی رضا خاصخیلی اور سنتوش کمار نے زبردستی بدفعلی کی۔ اس کیس میں ایک ملزم سنتوش گرفتار ہے جبکہ مرکزی ملزم علی رضا خاصخیلی، جو ایک ایم پی اے کے ڈرائیور کا بیٹا ہے، تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ سیشن جج بدین اور ہائی کورٹ حیدرآباد کی جانب سے اس کی ضمانت مسترد ہونے کے باوجود سیاسی اثر و رسوخ کے باعث پولیس اسے گرفتار نہیں کر رہی۔ مزید یہ کہ کیس سے دستبردار کرانے کے لیے ان پر منشیات کے جھوٹے مقدمات بھی درج کروائے جا رہے ہیں دوسری جانب شہری مظہر حسین کہیری، نواز جتوئی، مفتی عبدالصمد جمالی اور دیگر نے کہا کہ شہر میں شراب، چرس، آئس اور جوا عام ہو چکا ہے۔ آئس کے استعمال سے شہر کے تین نوجوان جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ سفینہ، گٹکا اور ماوا کے استعمال سے کئی نوجوان کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے غریب ریڑھی بانوں اور چھوٹے دکانداروں کو گرفتار کر کے خانہ پری کرتی ہے، جبکہ منشیات آج بھی سرعام فروخت ہو رہی ہے

شہزاد گاڈاہی اور دیگر شہریوں نے شکایت کی کہ اسکولوں کی چھٹی کے وقت اوباش لڑکے ون ویلنگ کرتے نظر آتے ہیں مگر پولیس کوئی کارروائی نہیں کرتی۔ اس کے علاوہ شہر میں ٹریفک اہلکار تعینات ہونے کے باوجود بھاری گاڑیاں شہر کے اندر سے گزرتی ہیں جس سے ٹریفک جام معمول بن چکا ہے

کھلی کچہری میں متعدد شہریوں نے کہا کہ رات کے وقت لنک روڈز پر سفر کرنا محفوظ نہیں رہا، ڈکیتیاں روز کا معمول بن چکی ہیں اور بدامنی عروج پر ہے۔ گھروں سے سولر پلیٹس جبکہ مساجد سے بیٹریاں اور پنکھے بھی چوری ہو رہے ہیں، لہٰذا شہر میں پولیس گشت بڑھایا جائے

اس موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے کہا کہ منشیات کے خلاف ہماری جنگ جاری ہے اور ایک سال کے اندر 1100 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئس کے 20 سے زائد ڈیلرز کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں سے ایک کو حال ہی میں عمر قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کے حل کے لیے وہ خود ہر تھانے کا دورہ کر کے عوام سے براہِ راست ملاقات کرتے ہیں تاکہ مسائل کو فوری حل کیا جا سکے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button