سندھ کی وحدت پر حملے ہو رہے ہیں، ناکام بنائیں گے، نثار کھوڑو

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/ پی کے)پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ کی وحدت پر حملے کیے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی سندھ کی محافظ ہے، سندھ کے عوام کے ساتھ مل کر سندھ کے خلاف ہونے والی ہر سازش اور حملے کو ناکام بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدین میں سیاسی و سماجی شخصیات ندیم احمد مغل علی مرتضیٰ مغل انیس میمن خانصاحب الھبچایو میمن کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت اور عوام کے سامنے جوابدہ ہے، سندھ کی سرزمین کے دفاع اور وقار کے لیے عوام کو متحد و منظم ہونا ہوگا۔ مخالفین کے پاس پیپلز پارٹی کی مخالفت کے سوا سندھ کی ترقی کا کوئی پروگرام نہیں، یہی وجہ ہے کہ عوام انہیں ووٹ نہیں دیتے انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل کو عوام کے بنیادی حقوق اور مسائل کے حل کے لیے ماہانہ 10 لاکھ روپے فراہم کیے جاتے ہیں، جن میں سے ہر ماہ 3 لاکھ روپے کے سولر پینل عوام میں مفت تقسیم کیے جائیں۔ جو چیئرمین اس پر عمل نہیں کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نے ضلع چیئرمین علی اصغر ہالیپوتو کو ہدایت کی کہ بدین کی تمام یونین کونسلوں کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے اور ان چیئرمینوں کی الگ فہرست بھی فراہم کی جائے جو عوام میں سولر پینل تقسیم نہیں کر رہے اس موقع پر پیپلز پارٹی ضلع بدین کے صدر جام علی اصغر ہالیپوتو نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت ہے اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، اسی وجہ سے مختلف شخصیات پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسلوں میں عوامی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے
تقریب میں ایم پی اے تاج محمد ملاح، ایم پی اے بی بی یاسمین شاہ، ایم پی اے میر اللہ بخش ٹالپر، ڈاکٹر سجاد احمد چانڈیو، پیر امجد صدیقی، عبدالغفور نظامانی، فدا حسین میندھرو ، ، علی اکبر میمن، سمیت پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما اور کارکنان موجود تھے۔



