ایران دشمن کی سازشوں سے مرعوب نہیں ہوگا، میدان جنگ میں مخالفین ناکام ہو چکے، ایرانی سپریم لیڈر


تہران(ویب ڈیسک)ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ نے کہا ہے کہ دشمن میدانِ جنگ میں ایران سے شکست کھا چکا ہے اور اب عوام کو نقصان پہنچانے کے ساتھ اندرونی تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام میں مایوسی اور ناامیدی پھیلانے والا ہر عمل دشمن کے عزائم کو تقویت دینے کے مترادف ہے، تاہم طاقتور ممالک ایران کی ترقی اور پیش رفت کو نہیں روک سکتے۔
مجتبیٰ خامنہ کا کہنا تھا کہ ایران کے مخالفین کو میدان جنگ میں ناکامی کے بعد اپنے مقاصد کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث وہ اب ایرانی قوم کے حوصلے کو کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، لیکن عوام کو اس حوالے سے ہوشیار رہنا ہوگا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران سی آئی اے کی مبینہ سازشوں کو ناکام بنانے میں کامیاب رہا ہے، جبکہ دشمن اب ہائبرڈ جنگی حکمت عملی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے تحریری پیغام میں واضح کیا کہ اسرائیل کے حوالے سے ایران کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، جبکہ امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل خطے میں امریکی فوجی اڈے کی حیثیت رکھتا ہے۔