خیبرپختونخوا میں جلد تبدیلی نظر آئے گی، عوام نے انتشار کی سیاست مسترد کردی، امیر مقام

بشام (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے انتشار کی سیاست مسترد کردی ہے اور صوبے میں جلد تبدیلی نظر آئے گی۔
بشام میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے لوٹ مار اور کرپشن کے دور کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ ان کے بقول پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 13 سالہ دورِ حکومت کے خاتمے پر صوبے کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
وفاقی وزیر نے جلسے میں بڑی تعداد میں شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بشام میں عوام کا سمندر امڈ آیا ہے۔ انہوں نے یوٹیوب پر پروپیگنڈا کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلسے میں عوام کا جوش و خروش دیکھ لیں۔
امیر مقام نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کا دھرنا مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے سابق صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس سے نجات ملنے پر خوش ہیں اور جلسے میں 80 فیصد نوجوان شریک ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق پی ٹی آئی کے ساتھ 12 گھنٹے تک مذاکرات ہوئے، تاہم سابق وزیراعلیٰ جھوٹ بولتے رہے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوئی ایجنڈا پیش نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام سیاسی مخالفین کا اصل ایجنڈا سمجھ چکے ہیں اور مبینہ لوٹ مار کے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا۔
امیر مقام نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی توجہ عوامی مسائل کے حل اور محرومیوں کے خاتمے پر مرکوز ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت جاری رکھی جائے گی۔



