27ویں آئینی ترمیم صوبوں پر حملہ،فرد واحد کو مضبوط کرنے کی کوشش ہے،علامہ راشد محمود سومرو

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد خالد محمود سومرو نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم صوبوں کے اختیارات چھیننے اور ایک شخصیت کو غیر معمولی طاقت دینے کی خطرناک کوشش ہے۔جے یو آئی واحد جماعت ہے جس نے سینیٹ اور قومی اسمبلی دونوں میں ترمیم کی عملی مخالفت کی دباؤ ڈال کر ہمارے ایک رکن سے ووٹ لیا گیا جس کی کوئی حیثیت نہیں جے یو آئی نے ان کے خلاف کارروائی بھی کر دی ہے جبکہ اپوزیشن کا دعویٰ کرنے والی بڑی جماعتیں صرف مخالفت کا بیان دیتی رہیں ووٹ نہیں دیا۔

وہ جامعہ اسلامیہ اشاعت القرآن حمادیہ پیارو واہ روہڑی میں کارکنان سے خطاب اور میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی،صوبائی رہنما علامہ ناصر محمود سومرو،سکھر کے امیر مولانا محمد صالح انڈھڑ،حافظ عبدالحمید مہر سیکریٹری جنرل جے یو آئی ضلع سکھر اور ضلع و تعلقہ عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے ۔

راشد سومرو نے مزید کہا کہ ترمیم سے نہ معیشت بہتر ہوگی نہ قرض کم ہوں گے نہ عوام کو ریلیف ملے گا 27ویں ترمیم معیشت میں بہتری نہیں لائے گی ملکی قرضے ختم نہیں کرے گی تعلیم و صحت کے مسائل حل نہیں کرے گی یہ ترمیم صرف ایک شخص کو مستحکم کرنے کے لیے لائی گئی ہے تاکہ وہ سندھ کے وسائل پر قبضہ جاری رکھ سکے اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔ صوبوں کی خودمختاری پر حملہ ہوا تو جے یو آئی ایسا جواب دے گی کہ نہ ترمیم بچے گی نہ حکمران۔

انہوں نے کہا کہ سندھ مسائلستان بن چکا ہے امن و امان، ڈاکو راج اور حکومتی ناکامیاں عروج پر ہیں۔سندھ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے میرپورخاص میں 8 سالہ بچی کا ریپ اور قتل رتوڈیرو میں 4 سالہ بچے کا قتل، یہ واقعات گواہی دیتے ہیں کہ سندھ پولیس امن قائم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

علامہ سومرو نے کہا کہ سندھ میں ڈاکوؤں سے اسلحے کی خریداری اور سرنڈر شو ایک ڈھونگ ہے۔حکومت نے ڈاکوؤں سے پسٹل سے لے کر ایل ایم جی اور اینٹی ایئرکرافٹ گن تک خریدی سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں پر ریڈ کارپیٹ بچھایا 80 کے قریب ڈاکوؤں کے سرنڈر کا دعویٰ کیا مگر عدالت میں صرف 35 پیش کیے گئے۔ یہ طریقہ ریاست کو کمزور اور ڈاکوؤں کو زیادہ طاقتور بنائے گا کل پھر یہی ڈاکو جرم کریں گے اور حکومت کے ساتھ نیا معاہدہ کریں گے۔

علامہ سومرو نے کہا کہ سندھ کے صحت کے نظام میں ماہانہ اربوں روپے کی کرپشن* ہو رہی ہے 60 لاکھ سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں حکمرانوں کی ترجیحات عوام نہیں بلکہ کابینہ بڑھانا مشیر بڑھانا اور تاحیات استثنیٰ لینا ہیں کیا آئین قانون اخلاقیات اور اسلام تاحیات استثنیٰ کی اجازت دیتے ہیں؟یہ قوم کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔

انہوں نے کہا اگر دہشت گردی کے خلاف کوئی جماعت سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے تو وہ جے یو آئی ہے ہمارے قائدین پر خودکش حملے ہوئے باجوڑ میں 90 جنازے ایک ساتھ اٹھائے اس کے باوجود ہم ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔امریکا،مغرب اور بھارت ایک دوسرے کے مفاد میں کام کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کو صرف تعریفوں پر ٹرخایا جا رہا ہے ٹرمپ بھارت سے بڑے معاشی معاہدے کر رہا ہے پاکستان کو صرف بیانات ملتے ہیں یہ گٹھ جوڑ خطے میں پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ کہا ہے کہ اگر کوئی ملک کا غدار ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے ماورائے عدالت گمشدگیاں غیر آئینی اور غیر ملکی ایجنڈا ہیں سندھ کے 16 نوجوان بلوچستان میں اغوا ہیں ان کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ افغانستان امن و معیشت کی طرف بڑھ رہا ہے لہٰذا مہاجرین کو واپس جانا چاہیے لیکن جن افغانوں نے اربوں روپے جائیدادوں میں لگائے ان کا معاوضہ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی واپسی کے بعد جے یو آئی 27ویں ترمیم کے خلاف بھرپور تحریک کا اعلان کرے گی اور سندھ اس تحریک میں صف اوّل کا کردار ادا کرے گا ۔

مزید خبریں

Back to top button