بانی پی ٹی آئی کا حکم ملا تو دوبارہ وزیراعلیٰ بن سکتا ہوں، علی امین گنڈاپور

ڈیرہ اسماعیل خان (جانو ڈاٹ پی کے) سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے حوالے سے پارٹی کی کوئی خاص تیاری نہیں تھی اور تاریخ تبدیل ہونے سے پارٹی کمزور ہوئی ہے۔صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت پر دباؤ بڑھے گا تو وہ مطالبات تسلیم کرے گی، جبکہ حکومت سے مذاکرات کرنا فیصلہ سازوں کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے صوبے میں وزراء، اراکین اسمبلی اور کارکنوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا حکم ملا تو وہ دوبارہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بن سکتے ہیں، انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے حکم پر ہی وزارتِ اعلیٰ چھوڑی تھی۔علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا کہ رکاوٹوں اور مزاحمت کے باوجود وہ احتجاج کے دوران تین مرتبہ اسلام آباد پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی، ہماری ایک پارٹی ہے، ہم پختون ہیں اور گھر آئے مہمان کی قدر کرتے ہیں۔



