جیل میں قید یاسمین راشد کا نیا ہنر سامنے آگیا، کشنز پر رنگ بکھیر دیے

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور پنجاب کی سابق وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے دورانِ قید تکیوں اور صوفے کے کشنز پر ہاتھ سے خوبصورت کشیدہ کاری کرکے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا ایک نیا پہلو سامنے رکھ دیا۔

رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنی اس تخلیقی کاوش کو “Beyond The Bars” کا نام دیا ہے۔ ان کی تیار کردہ کشیدہ کاری کے نمونے سوشل میڈیا پر سامنے آئے، جن میں مختلف رنگوں کے دھاگوں سے ہاتھی، گھوڑے، اُلو، بلیاں، پرندے، تتلیاں، پھول، پہاڑ، بیل بوٹے اور گل دستے بنائے گئے ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنی تخلیقات کے حوالے سے لکھا کہ یہ کام کسی اسٹوڈیو میں نہیں بلکہ پسِ زنداں تخلیق کیا گیا، جہاں ہر ٹانکا صبر کی علامت اور ہر رنگ امید کی کرن ہے۔ان کے مطابق جب انسان کو محسوس ہو کہ وقت تھم گیا ہے اور ہاتھ، ذہن اور روح خالی ہیں تو ایسی صورت میں تخلیق بہترین سہارا بن جاتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب حالات انسان کے قابو میں نہ رہیں تو تخلیقی عمل تسکین فراہم کرتا ہے اور مشکل ترین حالات میں بھی خوبصورتی کے نمودار ہونے پر یقین برقرار رکھنا چاہیے۔رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے دورانِ قید ایک کتاب بھی تحریر کی ہے، جو جلد منظرِ عام پر آنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button